وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سازش کےتحت پاکستان کے شناختی کارڈ، ویکسینیشن اور پاسپورٹ کو دنیا میں بدنام کیا جا رہا ہے، جعلی ویکسی نیشن کے حوالے سے نادرا کا کوئی قصور نہیں، ملک میں سائبر کرائمز میں اضافہ ہوا ہے۔
شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ 15 مزید ملکوں کو آن ارائیول ویزے کے لیے کابینہ میں بھیج رہے ہیں، ان ملکوں میں امریکا، کینیڈا، روس ایران فرانس شامل ہیں، اس سے پہلے 50 ملک تھے اب آن ارائیول ویزے والے 65 ملک ہوجائیں گے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں پی ٹی آئی زندہ دفن ہو جائے گی، شہباز شریف صاحب، آپ اپنا سوچیں، وراثت کی لڑائی آپ کےخاندان میں شروع ہے، آپ کے خاندان میں وراثت کی یہ لڑائی کس نتیجے پر پہنچے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نے دو سال پہلے کہہ دیا تھا کہ نون سے میم نکلے گی، مجھے کچھ اور بھی نکلتا دکھائی دے رہا ہے، نون لیگ کے دو کے بجائے تین گروپ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہے ہیں، جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہو رہا ہے اور کم ہونا چاہیے،حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان بہتر فضا ہونی چاہیے تاکہ منصفانہ الیکشن ہوسکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دو سال بعد نیا سیاسی ماحول ہوگا، آج جیسے حالات نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سائبر کرائمز میں اضافہ ہوا ہے، سائبرکرائم کی ایک لاکھ شکایات آئی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے بتایا کہ ضرورت کےتحت کل بعض علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
Comments are closed.