اتوار30؍شوال المکرم 1444ھ21؍مئی 2023ء

سابق رکن قومی اسمبلی عثمان ترکئی کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

سابق رکن قومی اسمبلی عثمان ترکئی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

پشاور میں نیوز کانفرنس کے دوران عثمان ترکئی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کیا ۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی وجہ سے وہ پی ٹی آئی کے ساتھ مزید آگے نہیں جاسکتے، عمران خان اور ان کی پارٹی نے دہشت گردی کی۔

عثمان ترکئی نے مزید کہا کہ اٹل فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیٹوں پر نہیں بیٹھیں گے اور عمران خان کی جماعت کے ساتھ اب آگے نہیں چلیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ انہیں پی ٹی آئی میں ہونے کے باوجود نظرانداز کیا گیا، پرویز خٹک نے انہیں کبھی بھی آگے نہیں آنے دیا۔

سابق رکن قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ ہم پہلے مسلم لیگی تھے، اس کے بعد بھٹو شہید کے ساتھ تھے، بعد میں ہم پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور میں 3 گرڈ اسٹیشن بنائے تھے، اپنے دور حکومت میں 22 یونین کونسلز کو گیس فراہم کی۔

عثمان ترکئی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ انصاف کی باتیں کرنے کی وجہ سے شامل ہوئے تھے، ہمارے خلاف صوبائی سطح پر سازش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کل پاک فوج سے اظہار یکجہتی کےلیے جلوس نکالا تھا، 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.