زین ملک نے کہا کہ جب اور میوزک نے ان سے رابطہ کیا تو انھیں ’خوش گوار حیرت ہوئی اور اپنے لیے اچھا محسوس کیا۔‘اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے یہ گانا بہت پسند آیا ہے اور میں نے پوری کوشش کی ہے کہ میں اس میں خود کو شامل کر سکوں۔ مجھے اُمید ہے کہ ہم نے جو کچھ کیا ہے، اسے لوگ ضرور پسند کریں گے۔‘31 سالہ زین بریڈ فورڈ، انگلینڈ میں پیدا ہوئے تھے، لیکن ان کی جڑیں یعنی اُن کے آباؤ اجداد اردو بولنے والے ہیں۔ ان کے والد کا شمار برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن میں ہوتا ہے۔اس گانے نے آن لائن اُن کے فینز کو اپنی طرف متوجہ کیا جس کے بعد کچھ سوشل میڈیا صارفین نے زین ملک پر زور دیا کہ ’براہ مہربانی مزید اردو گانے ریلیز کریں۔ کچھ زبانوں میں چیزیں بہتر محسوس ہوتی ہیں۔۔۔ مجھے اُمید ہے کہ زین مکمل طور پر اردو گانے گائیں گے۔‘بہت سے اردو بولنے والے مداحوں نے بھی اس ٹریک کے ریلیز کے بعد اسے اپنے ساتھی پاکستانیوں کے لیے تحفہ قرار دیا۔،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGESزین ملک کے میوزک کیریئر کا آغاز 2010 میں برطانوی ٹی وی میوزک شو دی ایکس فیکٹر پر قائم ہونے والے ’ون ڈائریکشن‘ کے حصے کے طور پر ہوا تھا۔ انھوں نے 2016 میں اپنا پہلا البم، ’مائنڈ آف مائن‘ جاری کیا۔ ان کے 2021 کے البم کے ایک گانے ’کوئی نہیں سن رہا ہے‘ میں اردو بول بھی شامل ہیں۔اور بینڈ میں تین دوست احد، اسامہ اور رفیع شامل ہیں۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اس تعاون سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہے۔‘اور نے مزید کہا کہ ’ہم پاکستانی موسیقی کو عالمی سطح پر لے جا رہے ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ دنیا ہماری موسیقی کو پسند کرے۔‘کراچی سے تعلق رکھنے والے اس بینڈ نے 2020 میں ہی پاکستان کے موسیقی کے منظر نامے پر قدم رکھا تھا۔ لیکن اس نے پہلے ہی اپنی موسیقی کے ساتھ خطے میں کامیابی حاصل کی ہے جس میں آر اینڈ بی اور ہپ ہاپ کا امتزاج ہے۔چلیں جی یہ تو ہوئیں سب اچھی اچھی باتیں مگر ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ معاملہ ایکس پر ہو اور اس پر سب اچھی باتیں کریں۔ کُچھ نہ کُچھ یا کوئی نہ کوئی بات اس کے علاوہ بھی ہوئی ہوگی تو ایسا ہی معاملہ زین ملک کے اور کے ساتھ اس گانے کے بعد بھی سامنے آیا کہ جہاں کُچھ لوگوں نے زین کے ادرو بولنے یا اُن کے اور کے گانے میں اُردو بول پر حیرانی کا اظہار کیا۔کُچھ لوگوں نے تو کہا کہ ان کا اردو تلفظ کافی خراب ہے مگر اس پر ایکس کے ایک عمار نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’کیوں لوگ زین کے تلفظ پر بے انتہا بات کر رہے ہیں، کیا آپ سب اس بات کی توقع کر رہے تھے کہ زین ملک ماضی کے مشہور و معروف گلوکار مہدی حسن کی طرح گانا گائیں؟‘ان کہ بعد ینگ گوئی نامی صارف نے لکھا کہ ’آسٹریلیا کے فاسٹ بالر بریٹ لی زین سے اچھا اردو اور ہندی گانا گا لیتے ہیں۔‘تاہم زینب نامی ایک ایکس یوزر نے تو اس بات پر انتہائی حیرت کا اظہار کیا کہ اُنھوں نے پاکستانی بینڈ کے ساتھ گانا گایا ہے۔ اُنھوں نے لکھا ’کیا زین ملک نے واقعی پاکستانی گروپ کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے؟ کیا آپ سب میرے ساتھ مذاق کر رہے ہیں؟ نہیں، نہیں کیا آپ سب میرے ساتھ جھوٹ بول رہے ہیں؟‘یہ سب تجزیے اور سوشل میڈیا کے تبصرے تو ایک جانب مگر بات یہ ہے کہ زین ملک نے گانا گایا ہے اور وہ بھی پاکستانی بینڈ ’اور‘ کے ساتھ۔ اب تک اس گانے کو یوٹیوب پر ریلیز کے بعد سے 33 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چُکا ہے۔
BBCUrdu.com بشکریہ
body a {display:none;}
Comments are closed.