سیکیورٹی فورسز نے زیارت میں ریکوری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا، واقعے میں حوالدار شہید ہو گئے جبکہ کالعدم بی ایل اے کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق زیارت میں سیکیورٹی فورسز نے ریکوری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زیارت میں خلیفت کے پہاڑوں میں خوست کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگانے کے بعد اسے تباہ کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ آپریشن کے دوران گھیرے میں آنے کے بعد دہشت گردوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حوالدار خان محمد شہید ہوگئے جبکہ کالعدم بی ایل اے کے 5 دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ دیگر مجرموں کی گرفتاری اور مغوی عمر جاوید کی بازیابی کے لیے ابھی آپریشن جاری ہے۔
Comments are closed.