کراچی کے علاقے کشمیر کالونی میں 10 سالہ بچی کی لاش ملنے کے معاملے میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، پڑوسی کے ہاتھوں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی ملزم کو کھانا دینے گئی تھی۔
زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر ایک اور ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی دوپہر میں کرایہ دار ذیشان کو کھانا دینے گئی، بچی کو ملزم نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور تشدد کیا، ملزم نے بچی کو اسی کے دوپٹے سے گلا گھونٹ کر مار دیا، بچی کی لاش بھی کرائے دار کے مکان سے ملی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم سن بچی قاتل کو کھانا دینے گئی تھی۔ بے رحم درندہ صفت ملزم نے بچی کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق واردات میں ملوث سفاک ملزم ذیشان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ بچی سے زبردستی کی کوشش کی تو اس نے چلّانا شروع کر دیا، جس پر ملزم نے دروازہ بند کرکے بچی کے دوپٹہ سے ہی اس کا گلا دبا کر قتل کر دیا، ملزم نے بچی کو قتل کرنے کے بعد ہوس کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا، ملزم ذیشان کم سن بچی کے رشتے دار کا ملازم ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق مزید DNA ٹیسٹ کیلٸے سیمپل بھیجے جارہے ہیں۔
پولیس نے شک کی بنیاد پر دوسرے مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لیا ہے، دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments are closed.