بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

زمین زیادہ روشنی اور گرمی جذب کرنے لگی، ماہرین کا انکشاف

نیوجرسی:  ہمارا نیلا روشن سیارہ ماند پڑرہا ہے جس کی وجہ آب وہوا میں تبدیلی کو قرار دیا جارہا ہے۔

گزشتہ بیس برس کے ڈیٹا سے ثابت ہوا ہے کہ ہمارے سمندر گرم ہورہے ہیں اور ان سے بننے والے بادل اب مزید روشن اور چمکدار نہیں رہے۔ یہ بادل زمین پر پہنچنے والی سورج کی روشنی کو منعکس کم کرتے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو سیارہ مزید گرم ہوتا چلا جائے گا۔

نیوجرسی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے 1998 سے 2017 تک زمین کے ایلبیڈو اثر کا جائزہ لیا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے چاند کو منور کرنے والی زمینی روشنی کا بغور مطالعہ کیا۔ معلوم ہوا کہ 1998 کے مقابلے میں نصف واٹ فی مربع میٹر روشنی کم ہوئی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ زمین تک جتنی بھی روشی پہنچتی ہے ہمارا سیارہ اس کی 30 فیصد مقدار خلا میں لوٹا دیتا ہے۔ یہ عمل ایلبیڈو کہلاتا ہے۔ اس طرح زمین سے منعکس ہونے والی روشنی میں نصف فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

زمین کے دمکنے کا انحصار اس پر پڑنے والی اور دوبارہ منعکس ہونے والی روشنی پر ہوتا ہے۔ اس کی وجہ جاننے کے لیے غور کیا گیا تو معلوم ہوا کہ مشرقی بحرالکاہل کے اوپر کم بلندی کے حامل بادلوں سے ٹکرا کر لوٹنے والی روشنی میں کمی واقع ہورہی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کی وجہ کلائمٹ چینج ہے جس کی بدولت اجلے بادل کم ہورہے ہیں اور سمندروں کی سطح کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ شاید اس کی وجہ ’پیسفِک ڈیکیڈل آسیلیشن‘ ہے جو بحرالکاہل کے آب و ہوا میں تبدیلی کی وجہ سے رونما ہوا ہے۔

کیلفورنیا میں واقع بگ بیئر رصدگاہ سے بھی 1500 راتوں کا ڈیٹا لیا گیا ہے اور اس کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ نہ صرف بادل بلکہ زمینی پانی، جنگلات، برف اور ریگستان وغیرہ بھی سورج کی روشنی منعکس کرکے زمین کو منور کرتے ہیں۔

تاہم یہ تحقیق جاری رہے گی اور ماہرین اس پر مزید غور کریں گے۔ یہ تحقیق جیوفزیکل لیٹرز میں شائع ہوئی ہے۔

You might also like

Comments are closed.