بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

زرعی یونیورسٹی میں روڑے اٹکانے والے کو من مانی نہیں کرنے دے سکتے، علی امین گنڈاپور

سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی میں روڑے اٹکانے والے کو من مانی نہیں کرنے دے سکتے۔

وی سی گومل یونیورسٹی کے بارے میں بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اپنے شہر کے ساتھ زیادتی کرنے والے کو برداشت نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور اور وائس چانسلر گومل یونیورسٹی میں تنازع شدت اختیار کرگیا تھا جس کے بعد جامعہ کو بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا۔

وی سی نے ایف آئی اے کو لکھے گئے خط میں لکھا ہے کہ مجھ پر جھوٹی الزام تراشی کی جا رہی ہے اور میرے خلاف عوام کو اکسایا جا رہا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کا مبینہ آڈیو بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی کو دھمکیاں دیں۔

بعدازاں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر افتخار احمد نے گورنر مشتاق غنی کو شکایتی خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ جامعہ میں خطرات درپیش ہیں، علی امین گنڈاپور نے دھمکیاں دی ہیں، عہدے سے مستعفی ہونے کا کہا ہے۔

اس کے بعد قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق غنی نے گومل یونیورسٹی کے وی سی کو 3 روز کے اندر اندر اثاثوں کی تقسیم سے متعلق پروگریس رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

بعدازاں 18 ستمبر کو گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کی انتظامیہ اور طلبہ میں مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے ساتھ ہی انتظامیہ نے کل سے جامعہ کھولنے کا اعلان کردیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.