اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کے ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے آصف علی زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔
مظاہرین کے احتجاج کے خدشے پر ملزمان کو جیل سے عدالت نہ لایا جا سکا۔
جج نے استفسار کیا کہ کیا آج ملزمان کو پیش کیا جا رہا ہے؟ راستے کھلے ہیں؟
وکلاء نے جواب دیا کہ جی! راستے کھل گئے ہیں، لیکن ملزمان کو جیل سے نہیں لایا جا سکا۔
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ جیل حکام کا خط آیا ہوا ہے کہ امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر آج ملزمان کو پیش نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور عبدالغنی مجید کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت اسلام آباد نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی، میگا منی لانڈرنگ، پارک لین ریفرنسز کی سماعت 21 اپریل تک جبکہ پنک ریذیڈنسی ریفرنس کی سماعت بھی بغیر کارروائی کے 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.