رپورٹ: اعجاز احمد
پاکستان ریلوے نے ’’انسداد تجاوزات آپریشن‘‘ کے دوران کروڑوں روپے مالت کی قیمتی زمین واگزار کروالی، جب کہ ایک گینگ مین نے بروقت مرکزی ریلوے لائن کا نقص پکڑ کر مسافر ٹرین کو ممکنہ بڑے حادثے سے بچالیا۔
محکمہ ریلوے کے ترجمان کے مطابق انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران پاکستان ریلوے، کراچی ڈویژن کے افسران اور ریلوے پولیس نے شاہین کمپلیکس کے نزدیک واقع 5000 مربع فٹ قیمتی اراضی واگزار کروالی، جو مٹی کے تیل کے ڈپو اور گودام کے طور پر استعمال ہورہی تھی۔
مارکیٹ میں اس زمین کی قیمت قریباً ساڑھے 4 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) کراچی ریلوے محمد حنیف گل نے کامیاب آپریشن پر مبارک باد دیتے ہوئے عندیہ دیا کہ آئندہ دنوں میں انسداد تجاوزات آپریشن میں مزید تیزی دیکھنے کو ملے گی۔
دریں اثناء ڈی ایس نے جمعرات کو یہاں سٹی اسٹیشن پر اپنے آفس میں گینگ مین حبیب اللّٰہ سے ملاقات میں شاندار کارکردگی دکھانے پر انہیں نقد انعام دیا۔
مذکورہ گینگ مین نے یکم مارچ کو حیدرآباد اور ڈیتھا اسٹیشن کے درمیان پٹری میں آیا خطرناک جوڑ بروقت پکڑ کر کراچی آنے والے ایک مسافر ٹرین کو ممکنہ بڑے حادثے سے بچایا تھا۔
ڈی ایس نے حبیب اللّٰہ کے لیے اعزازیے میں ایک اضافی تنخواہ کی بھی سفارش کی۔
Comments are closed.