وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ریاست کسی کی خواہش کے تابع نہیں، آئین اور قانون کے تابع ہے، پاکستان کی 22 کروڑ عوام اس ملک کے مالک ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی ریاست عمران خان کی ذاتی خواہش کے تحت نہیں چل سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا سارے کا سارا رونا ہی آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق ہے، پہلے جھپیاں ہی نہیں مکتی تھیں، اب گالیاں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نالائق، کرپٹ اور متکبر نہ ہوتے تو 5 سال نکال جاتے، وہ پیسے کے شوقین ہیں لیکن یہ روتے روتے ہی تھک جائیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مسئلہ ایک ہی ہے کہ مجھے اقتدار واپس کرو، وہ اقتدار کیلئے ہی منت ترلے، گالی گلوچ اور ملاقاتیں کرتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اقتدار چِھن گیا ہے تو عمران خان ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں، پہلے کہتے تھے ہم ایک پیچ پر ہیں، عمران خان کی خواہشات ملیا میٹ ہوگئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دفتروں میں بیٹھ کر سارے کیسز کا مک مکا کرلیا گیا، نواز شریف تو خود عدالتوں میں جاتے رہے، جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے احتساب کمیشن بند کر دیا، دفتروں کو تالہ لگا دیا، بی آر ٹی، مالم جبہ، بلین ٹری سونامی تمام کیسز بند کرلیے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج عدالتیں ہمیں ریلیف دے رہی ہیں تو انہیں تکلیف ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے تین مہینے میں پاک فوج کے افسران سمیت 53 جوان شہید ہوئے ہیں، فوجی جوان ملک کی حفاظت کیلئے سرحد پر اپنا خون دے رہے ہیں۔
Comments are closed.