جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

رضا ربانی نے وفاقی حکومت کو آئینی میکنزم فالو کرنے کا مشورہ دیدیا

سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما رضا ربانی نے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو آئینی میکنزم کو فالو کرنے کا مشورہ دیدیا۔

ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) سنبھالنے کا وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن غیرقانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ جے پی ایم سی سے متعلق نوٹیفکیشن فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشن آرڈیننس کی شق 4 کے تحت جاری کیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جے پی ایم سی اور میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کی لسٹ میں شامل نہیں، نوٹیفکیشن میں بنایا گیا بورڈ آف گورنرز غیرقانونی ہے۔

رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ سندھ ہائی کورٹ 4 جولائی 2016ء میں جے پی ایم سی کی منتقلی خلافِ آئین قرار دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے اس حوالے سے حوالگی کا طریقہ کار بھی فراہم کیا ہے، سپریم کورٹ نے 17 جنوری 2019ء کو مختصر حکم میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے مختصر حکم میں اداروں کی منتقلی کا میکنزم دیا، وفاقی حکومت نے منتقلی کے لیے دیے گئے طریقہ کار کے تحت کوئی اقدام نہیں کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ایک آرڈیننس کے تحت بورڈ آف گورنرز بنایا، آرڈیننس عارضی قانون سازی ہے، جس کا اطلاق اداروں پر نہیں ہوتا۔

رضا ربانی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو مشورہ ہوگا کہ آئینی میکنزم کے تحت صوبائی حکومت کو ان اداروں کو چلانے دے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.