راولپنڈی (سید وزیرعلی قادری)پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 272رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ،جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور مہمان ٹیم نے 28اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 106رنز بنا لیے ہیں، پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلیے مہمان ٹیم کو مزید 166رنز درکار ہیں۔جنوبی افریقا کے کپتان ڈی کوک24جبکہ باواما15رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں حسن علی نے 2، نعمان علی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جمعہ کوراولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 145رنز 3کھلاڑی آئوٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو فواد عالم اور بابر وکٹ پر موجود تھے۔پاکستان کے لیے دن کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور 77رنز میں کسی اضافے کے بغیر ہی دن کی دوسری گیند پر اینرج نوکیا کی وکٹ بن گئے۔ابھی پاکستان کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ چار رنز کے اضافے سے فواد عالم وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آئوٹ ہو گئے، انہوں نے 45رنز بنائے۔149رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے فہیم اشرف آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 41رنز جوڑے ۔ ایک مرتبہ پھر نوکیا نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 8رنز بنانے والے محمد رضوان کو چلتا کردیا۔ دوسرے اینڈ سے فہیم اشرف نے اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن کھانے کے وقفے سے قبل کیشپ مہاراج نے حسن علی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔کھانے کے وقفے کے بعد یاسر شاہ اور فہیم اشرف نے جنوبی افریقی بولرز کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے 30رنز کی ساجھے داری قائم کی جس کے بعد یاسر شاہ 8رنز بنا کر ویان ملڈر کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔فہیم اشرف اور نعمان علی نے نویں وکٹ کے لیے 21رنز جوڑے جس کے بعد نوکیا نے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی کو چلتا کر کے 272رنز پر پاکستان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔فہیم اشرف 12چوکوں سے مزین 78رنز کی اننگز کھیل ناقابل شکست رہے جبکہ پاکستان کے 6کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔جنوبی افریقا کی جانب سے اینرچ نوکیا نے 5جبکہ کیشپ مہاراج نے تین اور ویان ملڈر نے 1وکٹ حاصل کی۔ جواب میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کو جلد ہی دو کامیابیاں مل گئیں۔ڈین ایلگر 15رنز کر آئوٹ ہوئے تو حسن علی نے اگلی ہی گیند پر وان ڈیر ڈاسن کو کھاتہ کھولے بغیر ہی بولڈ کردیا۔ فاف ڈپلسی اس اننگز میں بھی ناکام رہے اور 17رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے جب کہ ایڈن مارکرم نعمان علی کو شارٹ مارنے کے چکر میں کیچ دے بیٹھے وہ 32رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقا نے 28اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 106رنز بنا لیے ہیں جبکہ پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مہمان ٹیم کو مزید 166رنز درکار ہیں۔جنوبی افریقا کے کپتان ڈی کوک24جبکہ تیمبا بوویما15رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔قومی ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں حسن علی نے 2، نعمان علی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
The post راولپنڈی ٹیسٹ،پاکستان 272 رنز پر آئوٹ ،جنوبی افریقا مشکلات کاشکار appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.