کالعدم تنظیم کے متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی میں مری روڈ پر جگہ جگہ کنٹینر کھڑے کرنے کے باعث متعدد ایمبولینسز پھنس گئیں، اسکول کے بچے بھی بستہ اٹھائے پیدل سفر پر مجبور ہیں۔
مری روڈ پر جگہ جگہ کنٹینر کھڑے کرنے کے باعث بے نظیر اسپتال سے پمز شفٹ ہونےوالا مریض اور لواحقین مری روڈ پر پریشان حال موجود ہیں۔
لواحقین کے مطابق مریض کو راولپنڈی سے پمز اسپتال شفٹ کرنا تھا، مریض گردوں اور جگر کےمرض میں مبتلا ہے، فوری اسپتال پہنچانا ہے۔
راولپنڈی میں دور دراز سے آئے مریض اسپتالوں میں پہنچنے سے قاصر ہیں، سڑکیں بند اور ٹریفک محدود ہونے کے باعث لوگوں کو دفاتر پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں جبکہ شہر میں میٹرو بس سروس بھی تا حکم ثانی بند ہے۔
مری روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرنے سے اسکول کے بچے بھی مشکلات کا شکار ہیں اور پیدل سفر پر مجبور ہیں۔
واضح رہے کہ اندرون شہر راولپنڈی کے بیشتر راستے بند کر دیئے گئے ہیں، سکستھ روڈ پر کنٹینرز لگا کر فیض آباد کی طرف جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد اوجڑی کیمپ کی روڈ کو بند کرکے سیل کر دیا گیا ہے۔
پنڈی میں شاہین چوک کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے جس کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہےجبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا، سکستھ روڈسے فیض آباد تک کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں، ڈبل روڈ سے نائنتھ ایونیو ٹریفک کے لئے کھلا ہے
جڑواں شہروں کی صورتحال کے پیش نظر ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق نائنتھ ایونیو اسلام آباد اور فیض آباد سے راولپنڈی جانے والے آئی جے پی روڈ استعمال کریں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ فیض الاسلام اسٹاپ، مری روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے، اسلام آباد سے مری روڈ راولپنڈی جانے والے اسلام آباد ہائی وے استعمال کریں، ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک جناح ایونیو کو بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ شہری نادرا چوک اور ایوب چوک ریڈ زون کے داخلے اور باہر نکلنے کے لیے استعمال کریں، اسلام آباد ہائی وے سے آئی جے پی روڈ تک سوہان اسٹاپ پر ٹریفک کے لیے متبادل راستہ ہے۔
Comments are closed.