بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

رانا ثناء اللّٰہ کا اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے عمرانی فتنے کا آلہ کار بن کر 4 سالہ پرانے مقدمے کے ریکارڈ میں جعل سازی کی، اینٹی کرپشن نے حقائق جان بوجھ کر چھپاکر عدالت سے دھوکا دہی اور گمراہ کرکے وارنٹ حاصل کیے۔

جج نے اینٹی کرپشن کو مقدمے کی فائل واپس کردی، جس کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم راولپنڈی کچہری سے واپس روانہ ہوگئی۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب اسلام آباد پولیس کو وارنٹ کے ساتھ ریکارڈ فراہم نہیں کر رہی جو قانونی تقاضہ ہے، یہ وفاقی حکومت پر مہم جوئی کی مذموم سازش ہے تاکہ عمرانی فتنہ ریلیف حاصل کر سکے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ریکارڈ میں جعل سازی اور عدالت کو گمراہ کرنے کے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے،  مقدمے میں جعل سازی اور دھوکا دہی کے تمام ابتدائی ثبوت حاصل کر لیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ویجیلینس پنجاب سید انور شاہ نے راولپنڈی کچہری میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے رانا ثناء کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں کی، آمد، روانگی روز نامچے میں درج نہیں کی گئی۔

 ترجمان وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ دھوکا دہی، جعل سازی اور ریکارڈ میں ٹیمپرنگ پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا، وفاقی وزیر داخلہ عدالت کا احترام اور ہر فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ترجمان وزارت داخلہ نے یہ بھی کہا کہ عمرانی فتنے کے وفاق پر حملوں کے تمام سازشی ہتھکنڈوں کو ریاستی طاقت سے ناکام بنایا جائے گا، قانون شکن، عمرانی فتنے کو نشان عبرت بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ عمرانی فتنے اور اس کے سہولت کاروں سے کسی بھی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.