وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے عمرانی فتنے کا آلہ کار بن کر 4 سالہ پرانے مقدمے کے ریکارڈ میں جعل سازی کی، اینٹی کرپشن نے حقائق جان بوجھ کر چھپاکر عدالت سے دھوکا دہی اور گمراہ کرکے وارنٹ حاصل کیے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب اسلام آباد پولیس کو وارنٹ کے ساتھ ریکارڈ فراہم نہیں کر رہی جو قانونی تقاضہ ہے، یہ وفاقی حکومت پر مہم جوئی کی مذموم سازش ہے تاکہ عمرانی فتنہ ریلیف حاصل کر سکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ریکارڈ میں جعل سازی اور عدالت کو گمراہ کرنے کے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، مقدمے میں جعل سازی اور دھوکا دہی کے تمام ابتدائی ثبوت حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ دھوکا دہی، جعل سازی اور ریکارڈ میں ٹیمپرنگ پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا، وفاقی وزیر داخلہ عدالت کا احترام اور ہر فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ نے یہ بھی کہا کہ عمرانی فتنے کے وفاق پر حملوں کے تمام سازشی ہتھکنڈوں کو ریاستی طاقت سے ناکام بنایا جائے گا، قانون شکن، عمرانی فتنے کو نشان عبرت بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ عمرانی فتنے اور اس کے سہولت کاروں سے کسی بھی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
Comments are closed.