اتوار 13؍رجب المرجب 1444ھ5؍فروری 2023ء

دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، ایپکس کمیٹی کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پولیس لائنز مسجد میں خود کش حملے اور بعد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ حملہ آور کی آمد کی ویڈیوز کے ذریعے نشاندہی کرلی ہے، کمیٹی نے اجلاس کو یقین دہانی کروائی کہ  متاثرہ خاندانوں کے پیاروں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

ایف آئی آر میں پہلے ہی دہشگردی، قتل ، اقدام قتل اور پولیس پر حملے کی دفعات شامل ہیں۔

اپیکس کمیٹی نے کہا کہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، دہشت گردی کی بیخ کنی کیلئے ریاست کے تمام اداروں کو اشتراک عمل سے کام کرنا ہوگا، مشترکہ قومی اہداف کے حصول کے جذبے سے کام کرنا ہوگا، مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے ضرورت کے مطابق قانون سازی کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق  کمیٹی نے کہا کہ ملک کے اندر دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے تمام ذرائع ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، دہشت گردی کی ہر قسم اور ہر شکل کیلئے زیرو ٹالرنس کا رویہ قومی نصب العین ہوگا۔

اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ کنٹرول اور امیگریشن کے نظام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف تحقیقات، پراسیکیوشن اور سزا دلانے کے مراحل پر بھی غور کیا گیا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔

دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑنے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت نے سر جوڑ لیے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام اختلافات بھلا کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کر دیا۔

 اعلامیے کے مطابق  قومی اتفاق رائے سے اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، اجلاس نے وزیراعظم کے اے پی سی بلانے کے فیصلے کو سراہا۔

کمیٹی نے کہا کہ توقع ہے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام قومی سیاسی قیادت ایک میز پر بیٹھے گی، توقع ہے سیاسی قیادت قومی اتفاق رائے کے ذریعے اقدامات کا فیصلہ کرے گی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علماء دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ممبر و محراب کا فورم استعمال کریں، علماء عوام کو آگاہ کریں کہ ایسے حملے قطعاً حرام اور خلاف قرآن و سنت ہیں، علماء عوام کو آگاہ کریں بے گناہوں کا خون بہانے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، حساس سول و عسکری اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.