بلدیاتی بل کی ظالمانہ شقوں کے سبب اس بل کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے ،گزشتہ شب سے شروع ہونے والی بارشوں کے باوجود نہ صرف دھرنا انتظامیہ نے انتظامات پورے رکھے ہوئے ہیں بلکہ شرکا کا جوش و خروش بھی قابل دید ہے . 17 سالہ نوجوان سے 70 سالہ بزرگ تک سب پرعزم ہیں اور دھرنے میں موجود ہیں .رات بارشوں میں شدت کے ساتھ والہانہ ترانے اور پرجوش نعروں کی گونج بھی جاری رہی .اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بھی شرکاء کے درمیان موجود رہے جبکہ میڈیا کے افراد و آلات کو بارش میں بھیگنے سے بچانے کے لیے بھی دھرنا انتظامیہ نے خاطر خواہ انتظام کررکھا تھا.
اس موقع پر جب حافظ نعیم الرحمن سے پوچھا گیا کہ آج چھٹا دن ہے دھرنے کا صبح سات بجے کا وقت ہے رات تیز بارشیں ہوتی رہی ہیں ، مورال کیسا ہے . انکا کہنا تھا کہ مورال تو کچھ مزید بڑھ گیا ہے . عموما رات میں جتنے لوگ دھرنے میں ٹہرتے تھے کل تعداد اس سے زیادہ تھی .جیسا جذبہ پہلے تھا اس سے زیادہ نظرآرہا ہے لوگوں میں .ایسا لگتا ہے کہ بارش تو ٹھنڈی ہے لیکن اس نے جذبات کو گرما دیا ہے .یہ اللہ کا کرنا ہے اور شرکا کا جذبہ ہے کہ جس کے نتیجے میں چیزیں آگے کی طرف بڑھ رہی ہیں .ایک طرف موسم کا ٹمپریچر تو کم ہورہا ہے لیکن حکومت کا ٹمپریچر بڑھتا جارہا ہے اور یہی اس دھرنے کی کامیابی ہے . انہوں نے کہا کہ دھرنا اسی طرح جاری ہے گا چاہے موسم بدلے یا حکمرانوں کے تیور بدلیں ،ہم یہاں سے تب تک نہیں جائیں گے جب تک کراچی والوں کے حقوق دلانے میں کامیاب نہیں ہوجاتے .
Comments are closed.