امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ آج مہنگائی کا جن بوتل سے باہر ہے، کنٹرول کرنے والا کوئی نہیں۔ غریب آدمی آٹے کی بات کرتا ہے تو عمران خان کہتے ہیں این آر او نہیں دوں گا۔
سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں 75 فیصد عوام صاف پانی سے محروم ہیں، گندے پانی سے عوام میں مختلف اقسام کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ جب کہ حکمران طبقہ دوسرے ممالک سے درآمد شدہ پانی استعمال کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کہا تھا صاف پانی مہیا کریں گے، آج عالمی ادارے گواہی دیتے ہیں کہ پاکستان میں پانی کسی انسان کے پینے کے قابل نہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ آج کا چور بھی اسلام آباد میں ہے، کل کا چور بھی اسلام میں تھا۔۔ 2 فیصد لوگوں نے 98 فیصد عوام کو غلام بنایا ہوا ہے۔ محنت کوئی اور کرے اور پھل کسی کو ملے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کا موجودہ نظام کرپٹ اشرافیہ کا تحفظ کر رہا ہے۔ اس نظام نے کبھی غریب آدمی سے وفاداری نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے عوام شدید سردی میں احتجاج کرتے رہے لیکن عمران خان بلیک میل کی باتیں فرماتے رہے۔ بلوچ عوام کے قدموں تلے سونا چاندی ہے لیکن ان کے پاؤں میں جوتا نہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے رہے لیکن سودی نظام میں اضافہ ہوتا گیا۔ غریب آدمی آٹے کی بات کرتا ہے تو عمران خان کہتے ہیں این آر او نہیں دوں گا۔ ہم مغلیہ سلطنت میں نہیں، شہزادوں، شہزادیوں کی سیاست کب تک چلے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں اس لیے شامل نہیں۔
The post دو فیصد لوگوں نے عوام کو غلام بنا رکھا ہے: سراج الحق appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.