وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 10 ہزار مہینے کی قسط پر 10 سال میں غریب کے پاس اپنا گھر ہوگا۔ سال کے آخر تک تمام تحصیلوں میں ہاؤسنگ منصوبے شروع ہوجائیں گے، لوگوں کی ڈیمانڈ زیادہ ہے ہمارے پاس اتنے گھر نہیں ہیں۔
عمران خان نے کم لاگت ہاؤسنگ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک عام آدمی کبھی اپنے گھر کا سوچ بھی نہیں سکتا، امیر آدمی کو بینک سے قرض مل جاتا ہے، غریب آدمی کے پاس گھر بنانے کیلئے پیسہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کے لئے 31 سائٹ کا انتخاب کیا گیا ہے، لوگوں نے ان علاقوں میں رہنے کیلئے رجسٹریشن کرائی ہوئی ہے،لوگوں کی ڈیمانڈ زیادہ ہے ہمارے پاس اتنے گھر نہیں، 10ہزار روپے مہینے کی قسط پر 10 سال میں یہ آپ کا گھر ہوجائےگا، اگر قسط 5 ہزار کردیں تو 20 سال میں گھر آپ کا ہوجائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی 40 فیصد آبادی کچی آبادی میں رہتی ہے، کچی آبادی میں نا مالکانہ حقوق ہیں اور نا ہی سہولتیں ہیں، سال کے آخر تک تمام تحصیلوں میں ہاؤسنگ منصوبے شروع ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بینکوں کو چھوٹے لوگوں کو قرضے دینے کی عادت نہیں تھی، ہمیں دو سال عدالت سے قانون پاس کرانے میں لگے، جب تک قانون نہیں تھا بینک قرض دینے کو تیار نہیں تھے، قانون پاس کرنے پر میں عدلیہ کا شکر گزار ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے شکایت مل رہی ہے کہ لوگوں کو بینک میں فارم نہیں مل رہے، ان لوگوں کو قرض دیں جو ملک کی دولت میں اضافہ کریں، ہاؤسنگ سیکٹر سے 30 دیگر صنعتیں چلنا شروع ہوجاتی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ آج اس منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے،ہم نے ہر گھر پر 3 لاکھ روپے سبسڈی دی ہے۔
Comments are closed.