سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ زمین پر موجود درختوں کو معدومی کی ایسی صورتحال کا سامنا ہے جس کی اس سے قبل کوئی مثال موجود نہیں اور اس پر انسانوں کو تشویش ہونا چاہیے۔
ان کے مطابق ہماری دنیا کے درختوں کے ساتھ یہ صورتحال کئی عشروں سے جاری ہے لیکن اب یہ بد ترین ہوگئی ہے اور بڑے پیمانے پر درختوں کو معدومی کا سامنا ہے اور یہ پورے ماحولیاتی نظام کے لیے خطرہ ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی نظام جو ہمارے کرہ ارض پر مشتمل ہے اس میں درخت مختلف انداز میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
گزشتہ برس سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے ایک تحقیقی مقالہ بعنوان ’دنیا میں درختوں کی صورتحال‘، جس میں اس بات کا جائزہ لیا گیا تھا کہ کس طرح درختوں کی کچھ اقسام کے ضائع ہونے سے ہمارے پورے ماحولیاتی نظام کے متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
اب اسی ٹیم نے جس میں 20 سے زیادہ ملکوں کے ماہرین شامل ہیں، یہ نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ زمین پر موجود درخت خشک ہورہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری دنیا میں موجود کسی ایک بھی قسم کے درخت کی معدومی کے بہت زیادہ اثرات ہوں گے، اس سے صرف مقامی ماحول پر فرق نہیں پڑے گا بلکہ پوری دنیا متاثر ہوگی، اس کے ہمارے ذریعہ معاش، معیشت اور خوراک پر بھی منفی اثرات اور نقصانات ہوں گے۔
سائنسدانوں کے مطابق دنیا کے نصف پودوں اور جانوروں کے ماحول کا انحصار ان درختوں پر ہے اور انسان ترقی کے نام پر اس ماحولیاتی نظام کو برباد کررہا ہے۔
زمین پر درختوں کے ساتھ یہ افسوسناک صورتحال صدیوں سے جاری ہے، لیکن اب اس کے خطرناک نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔
Comments are closed.