وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر دادو کے آگ سے متاثرہ گاؤں فیض محمد دریانی چانڈیو کے متاثرین کے لیے مالی امداد جاری کر دی گئی۔
ضلع دادو کے گاؤں میں آگ لگنے کی رپورٹ وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف کو پیش کر دی گئی۔
مرحومین کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے 1 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی بحالی تک ہر ممکن امداد فراہم رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ابتدائی رپورٹ کے بعد آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی مکمل تحقیقات کا بھی حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ تفصیلی رپورٹ میں غفلت کا پتہ چلنے پر ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایسے اقدامات یقینی بنائے کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ سانحہ نہ بن جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔
واضح رہے کہ دادو کی تحصیل میہڑ کے 2 دیہات میں آگ لگنے سے 140 سے زائد کچے مکانات جل گئے۔
آگ 9 بچوں کی زندگیاں نگل گئی جبکہ 160 سے زائد مویشی بھی اس واقعے میں جل کر ہلاک ہو گئے۔
لوگ جانیں بچانے کے لیے آہ و بکا کرتے رہے، فائربریگیڈ کا عملہ وقت پر نہ پہنچ سکا، ضلعی انتظامہ بھی سوتی رہ گئی۔
Comments are closed.