وزیر ریلوے اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پر الزامات اور نا زیبا ریمارکس کے کیس میں میرے پیش ہونے سے الیکشن کمیشن کا وقار مضبوط ہوا ہے، خوشی ہے کسی چوری ڈاکے کے کیس میں پیش نہیں ہو رہا ہوں۔
الیکشن کمیشن پر الزامات اور نا زیبا ریمارکس کے کیس میں وزیر ریلوے اعظم سواتی ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، الیکشن کمیشن میں ممبر نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل 2 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ شوکاز نوٹس کا جواب دیں، معاون وکیل نے کہا کہ شوکاز نوٹس کا جواب دینے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی جائے کیونکہ علی ظفر ماڈل ٹاؤن کیس میں مصروف ہیں۔
اس پر رکن الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ ایک ماہ بہت زیادہ ہے، 10 روز کا وقت کافی ہے، اس کے بعد الیکشن کمیشن نے سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔
وزیر ریلوے اعظم سواتی نے پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے پیش ہونےسے الیکشن کمیشن کا وقار مضبوط ہوا ہے، خوشی ہے کسی چوری ڈاکے کے کیس میں پیش نہیں ہو رہا، شوکاز جاری ہوا، الیکشن کمیشن کی پاسداری کیلئے پیش ہوا ہوں۔
Comments are closed.