احتساب عدالت میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کو جیل میں بی کلاس دینے سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران جیل حکام نے اس ضمن میں اپنا جواب جمع کرا دیا۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کو علیحدہ سیل میں رکھا گیا ہے، انہیں روم میں ٹی وی، اخبار، ٹیبل اور میٹریس فراہم کر دیا ہے۔
جیل حکام نے عدالت کو جمع کرائے گئے جواب میں یہ بھی بتایا ہے کہ خواجہ آصف کو قانون کے مطابق سہولتیں دی ہیں، روم ہیٹر اور گھر کا کھانا عدالتی حکم سے مشروط ہو گا۔
واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار سینئر لیگی رہنما خواجہ آصف نے جیل میں بی کلاس لینے کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ خواجہ آصف وفاقی وزیر رہ چکے ہیں اور اب بھی رکنِ قومی اسمبلی ہیں، انہوں نے ایل ایل بی کر رکھا ہے اور انڈر ٹرائل ملزم ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ خواجہ آصف بزرگ شہری ہیں اس لئے انہیں جیل میں دوسرے قیدیوں سے الگ رکھا جائے، لیگی رہنما کو جیل میں گھر کا کھانا، ہیٹر اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
Comments are closed.