کراچی کی احتساب عدالت نے حیدر آباد ٹریژری میں 3 ارب 20 کروڑ روپے کے جعلی پینشن اسکینڈل کے 3 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی۔
احتساب عدالت نے 3 ملزمان اعجاز ڈاؤچ، ماجد علی اور اظہر حسین کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کی۔
کراچی کی احتساب عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ تینوں ملزمان کی ضمانت 50، 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوص منظور کی گئی ہے۔
عدالت نے تینوں ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم بھی دیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں مزید کہا کہ ریفرنس کے فیصلے تک ملزمان کے پاسپورٹ عدالت میں جمع رہیں گے۔
کراچی کی احتساب عدالت نے حکم میں یہ بھی کہا کہ نیب چاہے تو ملزمان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست دائر کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریفرنس میں سابق ڈپٹی سیکریٹری فنانس عامر اسران سمیت 84 ملزمان نامزد ہیں۔
Comments are closed.