بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت کا نیب قوانین میں ترمیم کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے نیب قوانین میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس حوالےسے وزیراعظم نے اپوزیشن سے مذاکرات کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کے سپرد کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے نیب قوانین میں ترمیم سے متعلق اپوزیشن سے مذاکرات کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کے سپرد کردیا۔

وزیراعظم نے اپوزیشن سے بات چیت کیلئے دس رکنی سیاسی کمیٹی بھی بنادی ہے، جس میں شفقت محمود، عامر کیانی، سیف اللہ نیازی، شبلی فراز، پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، شیخ رشید شامل ہیں۔

سیاسی کمیٹی انتخابی اصلاحات، نیب قوانین میں ترامیم پر اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی، اور روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم سے ملاقات بھی کرے گی، کمیٹی معیشت، روزگار، ریلیف پیکجز اور سبسڈیز سے متعلق بھی تجاویز پیش کرے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کی ہدایت کی، اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے موجودہ ماحول میں بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کا مشورہ دیا۔ تاہم وزیر اعظم نے کہا کہ بلدیاتی حکومتیں عوام کی ضرورت ہیں، ہر صورت انتخابات کروائیں گے، مقامی حکومتوں کے قیام سے عوام کے مسائل جلد حل ہونگے۔

You might also like

Comments are closed.