بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا سودا کر رہی ہے: احسن اقبال

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا سودا کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تباہی کی ذمے دار پی ٹی آئی کی نا اہلی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران نیازی ہمیں آئی ایم ایف کا غلام بنا رہے ہیں، حکومت کے پاس ملک چلانے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما احسن اقبال کہتے ہیں کہ حکومت اسٹیٹ بینک کوآئی ایم ایف کا ذیلی دفتربنانے جارہی ہے، یہ ایسے قانون بنا رہے ہیں کہ اسٹیٹ بینک، پارلیمنٹ حکومت کونہیں عالمی اداروں کوجوابدہ ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تقریریں اور اپوزیشن پر کیچڑ اچھالنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، یہ کہتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، میں کہتا ہوں کہ معیشت نہیں عمران خان خوش حالی کے راستے پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال وزیرِ اعظم عمران خان کے اثاثوں میں اضافہ ہوا، پوری دنیا کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، ہمیں کورونا کے ساتھ 2018ء کے وائرس کا بھی سامنا ہے۔

نون لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں افراطِ زرسنگل ہندسے میں ہے اور ہمارے یہاں ڈبل ہندسے میں ہے، ہماری معیشت کو عمران خان کی نا اہلی کا وائرس بھی لاحق ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.