رہنما پیپلز پارٹی اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ حکومت نے الیکشن کا ماحول خراب کیا، کئی پرتشدد واقعات ہوچکے، حکومت نے اخلاقیات کو بری طرح پامال کیا۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کشمیر انتخابات میں وزرا نے کھلے عام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم کے ساتھی وزرا نے دورے کیے، آج پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کے حلقہ میں ان پر قاتلانہ حملہ ہوا۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ چوہدری یاسین نے الیکشن سے پہلے ایک تحریری درخواست بھی دی تھی، چوہدری یاسین نے بتایا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنرکا اس حلقے میں انٹرسٹ ہے، کئی ایسے واقعات ہیں کہ انتظامیہ کو کھلم کھلا استعمال کیا گیا۔
رہنما پیپلز پارٹی کے کہا کہ پی ٹی آئی کےجھنڈے لگا کر انتظامیہ کام کر رہی ہے، سرکاری مشینری استعمال ہو رہی ہے، آزاد کشمیر کی عوام سراپا احتجاج ہیں، ان کے ہاتھ سے ووٹ چھین رہے ہیں، آپ کو چاہیے تھا کہ کم ازکم آزاد کشمیرمیں آزادانہ الیکشن کرواتے، آپ نے پہلے کشمیرکاز کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ اب ایسے انتخابات کروارہے ہیں جوکشمیر کاز کے ساتھ غداری ہے، پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو ہروانے کی کوشش کریں تب بھی کامیاب نہیں ہوں گے، کیا یہ انتخابات ہیں جن کی نوید آپ نے سنائی تھی؟
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ بھٹوکہتے تھے کہ میں خواب میں بھی کشمیرکے بارے میں کوئی غلطی نہیں کرسکتا، آپ نے جاگتے میں کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو پتہ ہے کہ یہ ان کا الیکشن نہیں ہے، آزاد کشمیر الیکشن کو متنازعہ کرنے کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزیریہاں نہیں آئیں گے لیکن وہاں وزیر دندناتے پھر رہے ہیں۔
Comments are closed.