حکومتی اتحاد نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیرِ سماعت انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت میں فریق بننے کا فیصلہ کر لیا۔
مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی آج فریق بننے کی درخواست دائر کریں گی۔
حکومتی اتحاد کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں اپنا مؤقف عدالت میں پیش کریں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیے کہ موجودہ صورتِ حال بہت تشویش ناک ہے، حکومت اور پی ٹی آئی فیصلہ کر لیں پاکستان کے لیے کیا بہتر ہے۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔
جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل اس لارجر بینچ کا حصہ تھے۔
دورانِ سماعت سپریم کورٹ نے انتخابات ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ گورنرز کو بھی بذریعہ چیف سیکریٹری نوٹس جاری کر دیا۔
عدالتِ عظمیٰ نے پی ٹی آئی کی درخواست میں شامل تمام فریقین کو بھی نوٹسز جاری کر دیے اور سماعت آج دن ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.