بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حمزہ شہباز کا سانحہ مری کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے سانحہ مری کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کردیا۔

لاہور میں سانحہ مری میں جاں بحق ظفراقبال کے گھر آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ اموات زیادہ ہیں ،جو چھپائی جا رہی ہیں، اس کا حساب وزیراعظم کو دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ مزید انتظار کیا گیا تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، ہم تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں، عمران خان کی اتحادی جماعتوں کو بھی سوچنا پڑے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک پہلے ہے اور ان کے اتحاد بعد میں ہیں، اس نے اللّٰہ کی مخلوق کے ساتھ ظلم کیا ہے، ریاست مدینہ کی بات کرتے ہوئے انہیں شرم آنی چاہیے، یہ سب سے بڑا مافیا ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ مری سانحہ پر عمران نیازی کو پتلی گلی سے نکلنےنہیں دیں گے، وہ بنی گالہ سے روز وزیر اعظم ہاؤس کا سفر ہیلی کاپٹر پر کرتے ہیں، اب تمہیں چھپنے کا موقع نہیں ملے گا۔

 قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پوری قوم صدمے میں ہے، پنجاب کے حکمران اور نیازی صاحب کمبل اوڑھ کر سوئے رہے، جب میڈیا نے پول کھول دیے تو ان کے وفاقی وزراء بھی مگرمچھ کے آنسو بہانے کیلئے وہاں چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ 4 ہزار گاڑیوں سے زیادہ کی مری میں گنجائش نہیں، شام کو 36 ہزار گاڑیاں اور چند گھنٹوں میں ایک لاکھ گاڑیاں ہوگئیں، اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے بات نہیں کررہا، ایک باپ کے جذبات بیان کررہا ہوں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وہاں خاندانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی اور بزدار اپنی ریسکیو ٹیم کو مبارکباد دے رہے تھے، یہ تماش بین لوگ ہیں، یہ قوم کی بچیوں کی لاشوں پر بھی سیاست کرتے ہیں، پاکستانی قوم ان کا محاسبہ کرے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.