گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان تحریکِ انصاف کے گرفتار رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ برآمد ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ برآمد ہونے کے واقعے کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سندھ حکومت کا اپوزیشن جماعتوں کے خلاف رویہ اور برتاؤ بدترین مثال ہے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ پولیس صوبائی حکومت کی آلۂ کار بنی ہوئی ہے،
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ آئی جی سندھ اپنے بنیادی فرائض ترک کر کے سیا سی مہرہ بن گئے ہیں۔
گورنر سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کو تمام حالات و واقعات سے آگاہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں گزشتہ دنوں ہوئے ضمنی انتخاب کے دوران حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا گیا تھا۔
جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں موجود حلیم عادل شیخ کے کمرے میں آج سانپ کی موجودگی کا واقعہ پیش آیا جسے حلیم عادل شیخ نے خود ہلاک کر دیا۔
Comments are closed.