بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حلیم عادل شیخ نے اسلحے سے خوف پھیلا یا، سعید غنی

پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اسلحے کی نمائش کی اور خوف و ہراس پھیلا یا۔

آج ہونے والے کراچی کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لے لیا جس کے حکم پر پولیس نے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو انتخابی حلقےسے باہر نکال دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی نے حلیم عادل شیخ کے ویڈیو بیان میں لگائے گئے الزام کے جواب میں ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ نے پرائیوٹ گارڈز اور مسلح افراد کے ہمراہ انتخابی حلقے میں گشت کیا۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ اسلحے کی نمائش کرتے اور خوف و ہراس پھیلاتے رہے، وہ پولیس اور انتظامیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش بھی کرتے رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ایم پی ایز اور ایم این ایز پرامن الیکشن کا ماحول سبوتاژ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی گھنٹے بعد بھی خاموشی الیکشن کمیشن کی بے بسی ظاہر کرتی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اپنی یقینی شکست نظر آ رہی ہے۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ اسی لئے پی ٹی آئی الیکشن کا عمل مشکوک بنانے کی کوشش کر رہی ہے، الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے اور ان لوگوں کو حلقے سے باہر نکا لے۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیر سید ناصر شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ مسلح جتھہ حلیم عادل شیخ کی قیادت میں ضمنی انتخاب کے حلقے میں گیا جس نے فائرنگ کی، پی ٹی آئی کو یقین ہے کہ یہ الیکشن بری طرح سے ہار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کو نکالنے کا اقدام دیر سے اٹھایا ہے، پیپلز پارٹی نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے تھانے میں درخواست دی ہے، حلیم عادل شیخ پہلے بھی حلقے میں جاتے رہے ہیں، فائرنگ کرنے والے ویڈیو میں نظر آ رہے ہیں۔

سعید غنی کا مزید کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ نے پوری کوشش کی کہ حلقےکو بند کرایا جائے، پیپلز پارٹی نے اس عمل کے خلاف درخواست دی ہے، الیکشن کے دن سب ڈی آر او کے حکم کو ماننے کے پابند ہوتے ہیں، ہم الیکشن پُرامن ماحول میں چاہتے تھے، کسی پولنگ اسٹیشن میں ہمارا کوئی مسلح شخص نہیں گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اپنی ذمےداری پوری کی ہے، الیکشن کمیشن بھی اپنی ذمے داری پوری کرے، فائرنگ کرنے والوں کی ویڈیوز ہیں، گولیوں کے خول ہیں، الیکشن کمیشن کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ کارروائی کرے، پارٹی کے عہدے داروں نے ایف آئی آر کے لیے تھانے میں درخواست دی ہے، حلیم عادل شیخ ووٹرز کو ڈرانا چاہتے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.