قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کراچی کورنگی 2 میں ضمنی انتخاب کل ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ نشست متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے اقبال محمد علی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
تاہم کل ہونے والے ضمنی انتخاب سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ انتخابی عمل کے صاف، شفاف، پُرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پریزائیڈنگ افسران کو سیکیورٹی فراہم کی جاری ہے، جبکہ انتخابی عمل مکمل ہونے تک سیکیورٹی اہلکار پولنگ اسٹاف کے ہمراہ رہیں گے۔
ای سی پی کے مطابق حلقے میں قائم تمام 309 پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے بھی تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز پولنگ کے دوران امن و امان یقینی بنانے کے لیے خدمات سرانجام دیں گے۔
خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات کے دوران اقبال محمد علی اس نشست پر 61 ہزار 165 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار محمد آصف 30 ہزار 535 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
Comments are closed.