جمعہ9؍ شوال المکرم 1442ھ21؍مئی 2021ء

”حق دو کراچی ریلی“ کی تیاریاں مکمل، آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کل ہوگا

کراچی: جماعت اسلامی کے تحت 3 کروڑ سے زائد شہریوں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے جاری ”حقوق کراچی تحریک“کے سلسلے میں اتوار 28مارچ کو شاہراہ فیصل پر قائد آباد تا گورنر ہاؤس ”حق دو کراچی ریلی“کی تیاریاں مکمل کرلی گئی۔

ریلی کا آغاز2بجے دن ہوگا، شاہراہ فیصل پر متعددمقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کئے گئے ہیں، مسجد رومی سوسائٹی پر قائدین کا ابتدائی خطاب ہوگا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی طور پرخطاب کریں گے، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن گورنر ہاؤس پر اپنے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ 28مارچ کو شاہراہ فیصل پر اہل کراچی اعلان کریں گے کہ اب کراچی خاموش نہیں رہے گا، بولے گا اور اپنا حق وصول کرے گا، حق دو کراچی ریلی صرف کوئی سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ یہ تین کروڑ عوام کے جائز  اور قانونی حق کے لیے ہے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ حقوق کراچی تحریک اہل کراچی کا مستقبل برباد کرنے والوں کے خلاف ہے اور ان سے اپنا حق لینے کے لیے چلائی جا رہی ہے۔ 28مارچ کو اہل کراچی کی آواز پورے ملک میں پہنچے گی اور عوام حکمران پارٹیوں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے سوال کریں گے کہ ان کی آدھی آبادی کیوں غائب کی گئی؟

انہوں نے مزید کہاکہ کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کر کے نوجوانوں کے مستقبل کو کیوں تاریک کیا جا رہا ہے؟ کراچی کے مینڈیٹ کو کیوں فروخت کیا جا تا ہے؟ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے جعلی اور متنازعہ مردم شماری کی منظوری کیوں دی؟

 دوسری جانب جماعت اسلامی کی جانب سے 28 مارچ کو لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے جماعت اسلامی کی لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا ہے، تاہم جماعت اسلامی کی قیادت نے 28 مارچ کو ہرصورت جلسہ کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

You might also like

Comments are closed.