حب ڈیم میں پانی کے غیر معمولی اضافے اور اسپل ویز سے مسلسل اخراج کے بعد قریب موجود کئی آبادیوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں شدید بارشوں اور مختلف مقامات پر چھوٹے ڈیمز اوور فلو ہونے سے پانی کے بڑے ریلے حب ڈیم پہنچ رہے ہیں، جس سے حب ڈیم میں سطحِ آب میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔
واپڈا کے ذرائع کے مطابق منگل کی شام ڈیم کے مکمل بھرنے کے نشان سے پانی 4 فٹ اوپر تھا، رات 12 بجے حب ڈیم کا لیول 343 فٹ کی سطح سے تجاوز کر گیا تھا۔
واضح رہے کہ حب ڈیم مکمل بھرنے کے بعد سطح آب 339 فٹ ہونے پر ڈیم کے اسپل ویز سے پانی کا اخراج شروع ہوگیا تھا۔
ڈیم میں پانی کی سطح کے غیر معمولی اضافے سے اسپل ویز سے پانی کا بھاری اخراج ہو رہا ہے، اس صورتِ حال سے گزشتہ 36 گھنٹے سے حب ندی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
رات گئے تک مقامی انتظامیہ نے حب ڈیم کی زیریں آبادیوں زہری گوٹھ، مولوی عبدالقادر گوٹھ، حب ڈیم کالونی اور دیگر گوٹھوں سے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔
حب ڈیم کے مختلف مقامات پر حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، پولیس، لیویز اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
Comments are closed.