وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک کا نعرہ وہ ڈرپوک لگا رہا ہے، جو ٹانگ پر پلاستر چڑھا کر زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کو بچانے کیلئے زمان پارک کے باہر لوگوں کو سردی میں بطور ڈھال بٹھایا ہوا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جیل بھرنے کی تحریک سے پہلے زمان پارک کے باہر بطور ڈھال بٹھائے بچوں اور عورتوں کو ہٹائیں، جیل بھرو تحریک شروع کرنے سے پہلے قیادت کو خود آگے آنا پڑتا ہے، پہلے گرفتاری قیادت دیتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن اور میڈیا کو جیلوں میں ڈالنے والا آج جیل بھرو تحریک کا نعرہ لگا رہا ہے، جیل بھرو تحریک کی بجائے تمہیں ڈوب مرنے کی تحریک شروع کرنی چاہیے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ مہنگائی کی وجہ آئی ایم ایف کا وہ معاہدہ ہے جس پر عمران خان کے دستخط ہیں، پی ٹی آئی والے ایپکس کمیٹی میں آتے تو کے پی کو دیے گئے 471 ارب روپے کا حساب دینا پڑتا، پی ٹی آئی کی نااہلی کی وجہ سے ختم ہونے والی دہشتگردی آج دوبارہ شروع ہوگئی۔
Comments are closed.