بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جیلوں میں طاقتور طبقے کی من مانیوں، پیسے لیکر سہولتیں دینے کا انکشاف

جیلوں میں طاقتور طبقےکی من مانیوں اور قیدیوں سے پیسے لے کر سہولتیں فراہم کرنے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ڈی جی انسانی حقوق کی سربراہی میں جیلوں کا دورہ کرنے والی ٹیم کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔

رپورٹ میں با اثر قیدیوں کو جہلم اور میانوالی کی جیلوں سے محکمۂ داخلہ کے دباؤ پر اڈیالہ جیل میں رکھنے کا انکشاف بھی کیا گیا ہے۔

با اثر قیدیوں کو سہولتیں دینے والے سرکاری اور نجی اسپتالوں کے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جیل حکام نے تسلیم کیا ہے کہ ان پر شدید سیاسی دباؤ ڈالا جاتا ہے، بھکر جیل کے قیدی نے جیل انتظامیہ کو رقوم منتقلی کے شواہد بھی فراہم کیے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدی کے بھائی نے جیل اردلی کو ایزی پیسہ سے 1 لاکھ 40 ہزار روپے دینے کے ثبوت دیے ہیں، جیل حکام انسانی حقوق سے واقفیت ہی نہیں رکھتے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیل کے میٹنگ رجسٹر بھی قیدیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی نشاندہی کرتے ہیں، اعلیٰ حکام کو جیل کے دوروں پر جو سب اچھا دکھایا جاتا ہے حقیقت میں ویسا نہیں ہے۔

ڈی جی انسانی حقوق کی سربراہی میں جیلوں کا دورہ کرنے والی ٹیم کی رپورٹ میں جیل حکام کی انسانی حقوق سے متعلق تربیت کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.