بینظیر انکم سپورٹ اور احساس پروگرام کے نام پر فراڈ اور جھنگ میں لوگوں کے انگوٹھے کے نشان لینے والے 2 ملزم گرفتار کرلیے گئے۔
ملزمان سے 1200 جعلی موبائل سمز اور 200 جعلی انگوٹھے کے نشانات بھی برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ اور احساس پروگرام کا جھانسہ دے کر جھنگ میں درجنوں لوگوں سے انگوٹھے کے نشان حاصل کرنے والے گروہ کے 2 کارندے گرفتار کرلیے گئے۔
ڈی پی او جھنگ سرفراز ورک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ آرگنائزڈ کرائم پولیس نے ملزمان محمد یاسر اور یاسر خان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 1264 موبائل سمز اور 200 جعلی نشان انگوٹھا برآمد کر لئے ہیں۔
سرفراز ورک نے مزید کہاکہ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور احساس پروگرام کا جھانسہ دیکر ان کے نشان انگوٹھا حاصل کرتے اور بعد میں سیلیکون کی مدد سے جعلی نشان انگوٹھا تیار کرتے اور موبائل سمز نکلواتے جو جرائم پیشہ افراد کو ہزاروں روپوں میں فروخت کی جاتیں۔
ڈی پی او جھنگ کے مطابق یہ موبائل سمز بینکنگ فراڈ، موبائل اکاؤنٹس میں رقم منگوانے اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کی جاتیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے آٹھ افراد پر مشتمل دو گروہ بنا رکھے ہیں، جن میں سے ایک گروہ جھنگ جبکہ دوسرا ملتان میں کام کرتا ہے۔
ڈی پی او نےکہا کہ ایف آئی اے اس کیس میں ملزمان سے مزید تفتیش کرےگی۔
Comments are closed.