متحدہ عرب امارت (یو اے ای) کے شاہی خاندان کے رکن اور معروف تاجر سہیل محمد الزرونی نے کہا ہے کہ ان کی حمایت ہمیشہ ریاست جونا گڑھ کے عوام کے ساتھ ہے۔ پاکستان میں مقیم جونا گڑھ کے عوام کے ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبے میں تعاون بڑھائیں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خان جی کی جانب سے اپنے اعزاز میں جونا گڑھ ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب کے موقع پر کیا۔
شرکاء سے خطاب کے دوران سہیل محمد الزرونی نے کہا وہ ریاست جونا گڑھ کے معاملے میں نواب آف جونا گڑھ کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سماجی خدمات کیلئے معروف الزرونی ٹرسٹ پاکستان میں مقیم جونا گڑھ کے عوام کی بہبود کیلئے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کرے گا۔
نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خان جی نے گفتگو کے دوران کہا کہ ریاست جونا گڑھ کا معاملہ اقوام متحدہ میں برسوں سے حل طلب ہے۔ جس پر بھارت نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔
تقریب میں ریاست جونا گڑھ کی معروف شخصیات نوابزادہ علی مرتضیٰ خان جی، ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب، سابق کرکٹر شعیب محمد، فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل عمران احمد اور دیگر بھی موجود تھیں۔
Comments are closed.