پیر16؍جمادی الثانی 1444ھ9؍جنوری2023ء

جنیوا کانفرنس: پلینری سیشن میں 8 ارب 57 کروڑ ڈالر کے وعدے، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے جنیوا کانفرنس کے پلینری سیشن کے دوران پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کےلیے ہونے والے وعدوں کی تفصیلات بتادیں۔ 

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پہلے پلینری سیشن میں پاکستان کے لیے 8 ارب 57 کروڑ ڈالر کے وعدے کیے گئے۔ 

چین نے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے مزید 10کروڑ ڈالر گرانٹ کا اعلان کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اعلان کیا، ورلڈ بینک کی طرف سے پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر کا اعلان کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ڈیڑھ ارب ڈالر کا اعلان کیا جبکہ یورپی یونین نے 9 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اعلان کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق جرمنی نے 8 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، چین نے 10 کروڑ ڈالر کا اعلان کیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جاپان نے پاکستان کے لیے 7 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اعلان کیا، یو ایس ایڈ نے 10 کروڑ ڈالر، فرانس نے 34 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ جیینوا میں پاکستان اور اقوام متحدہ کی میزبانی میں پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کانفرنس جاری ہے۔ 

موسمیاتی تبدیلیوں کے شکار پاکستان کو سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے 16 ارب 30 کروڑ ڈالرز درکار ہیں۔

کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی کا فریم ورک پیش کیا۔ 

جنیوا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے فریم ورک تیار کیا ہے جس پر کام کرنے کے لیے 16.3 بلین ڈالرز کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج ہم تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں، پاکستان میں سیلاب نے متاثرین کی زندگی بدل کر رکھ دی ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کانفرنس کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.