بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جنوبی افریقی کپتان پی آئی اے کے سی ای او کے شکرگزار

جنوبی افریقی ٹیسٹ کپتان کوئن ٹن ڈی کوک نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک شرٹ بطور تحفہ دی ہے۔

جنوبی افریقی کپتان نے دورہ پاکستان کے دوران قومی ایئر لائن کی مہمان نوازی اور خدمات کے اعتراف میں ایک دستخط کردہ شرٹ تحفہ دی ہے۔

پی آئی اے کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پروٹیز کپتان کی جانب سے دی گئی شرٹ کی تصویر شیئر کی گئی۔

پی آئی اے نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’جنوبی افریقہ کے کپتان کوئٹن ڈی کوک نے پی آئی اے کی مہمان نوازی اور خدمات کے لئے شکریہ ادا کرنے کے لئے ہمارے سی ای او ایئر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک کو دستخط کے ساتھ ٹی شرٹ بھیجی ہے۔‘

ٹوئٹ میں کہا گیا ’یہ ٹی شرٹ ایئر لائن کی یادداشت کا حصہ بن جائے گی، ہم جنوبی افریقی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے پی آئی اے کا انتخاب کرنے پر شکرگزار ہیں۔‘

یاد رہے کہ کوئن ٹن ڈی کوک نے 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوران مہمان ٹیم کی کپتانی کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان آنے والی جنوبی افریقی ٹیم کیلئے چارٹرڈ پروازوں کا بندوبست کیا تاکہ کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو عالمی وبا سے تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.