بدھ 25؍جمادی الثانی 1444ھ18؍جنوری 2023ء

جماعت اسلامی کے الزامات پر مرتضیٰ وہاب کا ردعمل

موجودہ صورتحال اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے الزامات پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو ایسے فرد کی ضرورت ہے جو اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلے۔

ایک بیان میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دھرنے ہنگامے کی سیاست سے کراچی کی خدمت نہیں ہو گی، جماعت اسلامی قیادت کو مشورہ ہے کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے الزامات اور تقسیم کی سیاست سمجھ سے بالاتر ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئیں مل کر کراچی کی تعمیر کے بےنظیر ویژن کا حصہ بنیں۔

سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی جماعت اسلامی کو کراچی کی نمبر ون پارٹی تسلیم کرے، پیپلز پارٹی جب تک جماعت اسلامی کو نمبر ون نہیں مانتی بات چیت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزامیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہوگا۔

سراج الحق نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی جماعت اسلامی کو کراچی کی نمبر ون پارٹی تسلیم کرے، پیپلز پارٹی جب تک جماعت اسلامی کو نمبر ون نہیں مانتی بات چیت نہیں ہوگی۔

سراج الحق نے کہا تھا کہ دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے، جماعت کا مکمل مینڈیٹ واپس دیا جائے۔

جماعت اسلامی کا بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں رد و بدل کے خلاف ڈی سی ویسٹ کے دفتر کے باہر دھرنا 8 گھنٹے جاری رہنے کے بعد پولیس سے مذاکرات کے بعد ختم کردیا گیا۔

کراچی میں جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج میں رد و بدل کے خلاف سراپا احتجاج ہے، سائٹ میٹروول میں ڈی سی ویسٹ کے دفتر کے سامنے جماعت اسلامی نے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا 8 گھنٹے سے زائد تک جاری رہا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلع غربی کی چھ اور ضلع کورنگی کی ایک یو سی کی سیٹ پر ہمارے امیدواروں کے نتائج میں مبینہ رد و بدل کی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.