کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت یا اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، الخدمت کی طبی اور رفاعی سرگرمیاں پورے سال جاری رہتی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی کامیابی سے شہر میں تعمیر و ترقی اور بہتری کا عمل ضرور شروع ہو گا، اس محلے اور یوسی کو بھی بہتر بنائیں گے، ہم عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اس علاقے سے پہلے بھی 2001میں نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں الخدمت گروپ کے یوسی ناظم ڈاکٹر مبین اختر کی سربراہی میں پینل کامیاب ہوا تھا اور پوری ٹیم کی کوششوں سے علاقے میں صفائی ستھرائی، لائٹنگ اور پانی کی فراہمی کا بہتر نظام بن گیا تھا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اس دور میں نہ صرف اس علاقے میں بلکہ پورے شہر میں تعمیر و ترقی کے مثالی کام کیے گئے اور نعمت اللہ خان کی قیادت میں کراچی کے عوام کے بلدیاتی مسائل حل کیے گئے، شہر میں آج پانی کا شدید بحران ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ 17سال ہو گئے، کراچی کے لیے پانی میں ایک گیلن پانی کا اضافہ نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نعمت اللہ خان کا شروع کردہ K-4منصوبہ مسلسل تعطل کا شکار ہے اب جماعت اسلامی کا میئر ہی اس منصوبے کو مکمل کروائے گا۔ ہم ایم کیو ایم کے سابق میئر کی طرح اختیارات اور وسائل کے نہ ہونے کا رونا رونے کے بجائے عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق لے کر رہیں گے۔
Comments are closed.