نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب سیف سٹی ننکانہ کا افتتاح کر دیا۔
محسن نقوی نے ننکانہ صاحب میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب انتہائی حساس شہر ہے یہاں دہشت گردی کے کچھ واقعات ہوئے ہیں، جلد دہشت گردی کے ثبوت شیئر کریں گے۔
اُنہوں نے بتایا ہے کہ پولیس نے 24 گھنٹوں میں دہشت گردی کے ملزمان کو پکڑا ہے، اسلام کے نام پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کی اجازت نہیں ہو گی۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کو 35 کروڑ کی لاگت سے مکمل کیا ہے، ننکانہ صاحب مذہبی سیاحت کےحوالے سے اہم شہر ہے اس لیے اب سکھ یاتریوں کے لیے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ منصوبے کا آغاز کر رہا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ننکانہ صاحب، کرتار پور اور حسن ابدال میں سکھ ٹورازم پر کام کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ ننکانہ صاحب کا ڈی ایچ کیو اسپتال بہت بہتر حالت میں ہے، ادویات منہگی ہو گئی ہیں، کمیٹی اسپتال کے بجٹ کا جائزہ لے رہی ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ایک لیول تک اسموگ رہتا ہے تو ہمیں چھٹی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
Comments are closed.