مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سعد رضوی کو بھی پیغام ہے کہ آپ نے جلاؤ گھیراؤ کا غلط راستہ اختیار کیا، جلاؤ گھیراؤ کر کے صرف ایک شخص کا داؤ لگا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ سڑکوں کو بلاک کرنا جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ہم اس چیز کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ سڑکوں کو بلاک کرنے کا طریقہ کس نے شروع کیا تھا؟ کس نے پورا پاکستان بند کرانے کی باتیں کی تھیں؟
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی مذہبی جماعت سیاسی طور پر متحرک ہونا چاہتی ہے تو ویلکم، میرے حلقے میں 13 مولوی امیدوار کھڑے کیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ ٹولے نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، ملک میں آزاد اور شفاف انتخابات ضروری ہیں، یہ حکومت بوکھلا چکی ہے، ان کا احتساب اور کرپشن کا منترہ پٹ چکا ہے۔
نون لیگی رہنما نے کہا کہ ہم سلیکشن کے خلاف ہیں، سلیکشن کا عمل جب تک جاری رہے گا، ملک آگے نہیں بڑھے گا، سلیکشن کا عمل ختم ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک کا 6 مہینے کے لیے وزیرِخزانہ ہو گا اس ملک کا کیا حال ہو گا؟ حکومت نے ایڈ ہاک پر وزیرِ خزانہ لگا دیا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا رویہ ذمہ دارانہ ہے، ہم پیپلز پارٹی کا احترام کرتے ہیں۔
رہنما نون لیگ نے یہ بھی کہا کہ کل پیپلز پارٹی کا ہمارے ساتھ ایک دو معاملے میں عدم اتفاق تھا تو کل کچھ معاملوں پر اتفاقِ رائے بھی ہو سکتا ہے۔
Comments are closed.