پیر 26؍محرم الحرام 1445ھ14اگست2023ء

جشنِ آزادی کے موقع پر بنائیں سبز، سفید رنگ میں رنگے لذیذ میٹھے

کسی بھی خوشی کے موقعے پر منہ میٹھا کرنا ہماری روایات کا ایک اہم حصّہ ہے، یہی وجہ ہے کہ موقع چاہے عید کا ہو یا آزادی کی خوشی کا ہمارے گھروں میٹھا ضرور بنایا اور کھایا جاتا ہے۔

ہر سال کی طرح کیوں نہ اس سال بھی پاکستان کے 76ویں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کے رنگوں میں رنگے کچھ میٹھوں کی تراکیب آزامائیں جائیں۔

لوکی کا حلوا

اجزاء: لوکی آدھا کلو، دودھ ایک کپ، گھی ایک چوتھائی کپ، چینی حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کھویا ایک کپ، گھی 2 سے 3 کھانے کے چمچ، کاجو 8 سے 10 عدد، پستہ 8 سے 10 عدد، بادام 8 سے 10 عدد، کشمش 8 سے 10 عدد۔

ترکیب: ایک فرائی پین میں گھی، بادام، کاجو، پستہ اور کشمش ڈال کر ہلکا سنہرا ہونے تک فرائی کرلیں، لوکی کو دھو کر چھیل لیں اور بیچ میں سے کاٹ کر بیج نکال لیں، پھر گرائینڈر کی مدد سے پیس لیں۔ 

اب ایک کڑاہی میں لوکی ڈال کر دو منٹ کے لیے پکائیں، پھر اس میں دودھ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور پہلے ڈھک کر 6 سے 8 منٹ تک ہلکی آنچ پر، پھر تیز آنچ پر دودھ سوکھ جانے تک پکائیں، مگر اس دوران چمچ مسلسل چلاتے رہیں۔

اب اس میں گھی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں، چینی شامل کریں اور درمیانی آنچ پر 2سے 3 منٹ کے لیے پکائیں اور چمچ چلاتی رہیں۔ 

اب اس میں فرائیڈ میوہ جات ڈال کر مکس کریں اور گھی الگ ہونے تک پکائیں۔ 

گھی الگ ہو جانے پر کھویا اور الائچی پاؤڈر ڈال کر طرح مکس کریں، گرما گرم لوکی کا حلوا تیار ہے۔

کپ کیکس

اجزاء: میدہ ایک کپ، چینی آدھا کپ، انڈے دو عدد، کوکو پاوڈر آدھاکپ، ونیلا ایسنس ایک چائے کا چمچ، تیل یا مکھن 100 گرام، بیکنگ پاوڈر ایک چائے کا چمچ، مِلک چاکلیٹ ایک بڑا پیک، ٹیٹرا پیک کریم ایک پیکٹ، پِسی ہوئی چینی پانچ کھانے کے چمچ، سبز رنگ ایک چُٹکی، فونڈینٹ چاند، ستارہ تین سے چار عدد، پیپر کپس تین سے چار عدد۔

ترکیب: چینی، انڈے اور مکھن کو پھینٹ کر یک جان کر لیں، اب اس میں میدہ، ونیلا ایسنس اور کوکو پاوڈر ڈال کر ہلکے ہاتھ سے مکس کریں، اگر آپ کو لگے کہ آمیزہ ذرا سخت ہے تو اس میں تھوڑا سا دودھ ڈال لیں۔ 

اب ٹرے میں پیپر کپس رکھ کر آئل برش کی مدد سے تیل لگائیں اور پھر اس میں کیک کا آمیزہ ڈال کر 180 ڈگری پری ہیٹڈ اوون میں15 منٹ کے لیے بیک کریں۔

اب کپ کیک کو اچھی طرح ٹھنڈا ہونے دیں، پھر کریم کو ایک پیالے میں نکال کر اتنا پھینٹیں کہ وہ پھول کے ڈبل ہو جائے۔ 

اب اسے دو حصّوں میں تقسیم کر کے ایک حصّے میں سبز رنگ کے دو قطرے ڈالیں اور ہلکے ہاتھ سے مکس کریں۔

پائپنگ بیگ میں ہرا مکسچر اور سفید کریم ساتھ ساتھ ڈالیں اور کپ کیک پر لگائیں اور اوپر سے فونڈینٹ سے بنے چاند، ستارے سے سجائیں۔

میٹھے چاول

اجزاء: سیلا چاول، دو پیالی، تیل حسبِ ضرورت، لونگ دو سے تین عدد، چھوٹی الائچی دس سے پندرہ عدد، چینی ایک کپ، کشمش ایک کپ، بادام ایک کپ، کیوڑا چند قطرے، کھویا ڈیڑھ سو گرام، سبز رنگ ایک کھانے کا چمچ، چم چم(چھوٹی والی) حسبِ ضرورت۔

ترکیب: تین کپ پانی میں سبز رنگ اور چینی ملا کر شیرہ بنا لیں، چاول صاف کرکے 15سے 20 منٹ تک پانی میں بھگوئیں، اب انہیں نتھار کر الگ رکھ لیں اور شِیرے میں لونگ، الائچی، کشمش، بادام، کھویا اور چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں، جب ایک کپ پانی رہ جائے، تو گھی، کیوڑا اور کھویا ڈال کر دَم پر رکھ دیں۔ 

خیال رہے کہ دَم ہلکی آنچ پر دیں۔ 

سات سے آٹھ منٹ بعد دَم سے ہٹا لیں اور ہرے چاولوں پر چم چم سے سجا کر پیش کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.