جاپان میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
جاپان کے کئی شہروں میں ماتمی جلوس نکالے گئے جس میں سب سے بڑا جلوس اباراکی کین میں واقع امام بارگاہ محمد و آلہ محمد سے نکالا گیا جس میں عزاداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر عزاداران نے ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کیا۔ جلوس کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہادت امام حسین رضی اللّٰہ تعالی عنہ حق اور سچ کے لیے ڈٹ جانے کا سبق دیتی ہے، جبکہ امام حسین رضی اللّٰہ تعالی عنہ کی شہادت مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
اس موقع پر معروف شیعہ رہنما سلیم شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حسینیت حق پرستی کا سبق دیتی ہے اور جس نے حسین رضی اللّٰہ تعالی عنہ سے پیار کیا اس نے اللّٰہ اور اس کے نبیﷺ سے پیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ حسین رضی اللّٰہ تعالی عنہ حق پر تھے، باطل کے آگے سر کٹا لیا لیکن جھکایا نہیں اس لیے وہ ہمیشہ کے لیے مسلمانوں کے دلوں میں زندہ ہیں جبکہ یزید دنیا میں رسوا ہوا اور آخرت میں بھی رسوا ہوگا۔
سلیم شاہ نے جلوس میں تعاون کرنے پر جاپانی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.