بدھ 25؍جمادی الثانی 1444ھ18؍جنوری 2023ء

جامعہ کراچی منی پاکستان ہے، وائس چانسلر جامعہ کراچی

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی منی پاکستان ہے، جہاں چاروں صوبوں کے طلبہ داخل ہیں۔

جامعہ کراچی کے یونیورسٹی کیمپس کی منتقلی کی سالگرہ (یوم جامعہ) کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔

سلور جوبلی گیٹ سے حافظ کی بڑی تعداد نے تلاوت کرتے ہوئے وائس چانسلر آفس تک واک کی، واک میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی، صدر یونی کیرینز پروفیسر اعجاز فاروقی، اساتذہ اور ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔

واک کے اختتام پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہاکہ اس وقت جامعہ میں 45 ہزار سے زائد طالبعلم زیر تعلیم ہیں،طالبعلم اپنا وقت موبائل کے استعمال کے بجائے کیمپس میں گزاریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر یونی کیرینز پروفیسر اعجاز فاروقی نے کہا کہ جامعہ کراچی ملک کی سب سے بڑی جامعہ ہے ،جہاں رواں سال 7 ہزار سے زائد داخلے دیے گئے جبکہ 21 ہزار طلبہ نے داخلے کے لیے رجوع کیا۔

اس موقع پر دو فارغ التحصیل طالبات علیزہ ہاشمی اور منزہ ارشد نے جامعہ میں گزارے چار برس کے تجربات بیان کیے۔

تقریب میں ڈی جی چارٹر انسپکشن کمیٹی نعمان احسن نے خصوصی طور پر خطاب کیا اور کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں اس جامعہ کی وجہ سے ہوں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی صدر ڈاکٹر صالحہ نے نئے آنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ جامعہ کراچی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے طلبہ کو صحت مند تعلیم فراہم کرتی ہے اور ان میں سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بیدار کرتی ہے۔

اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے آرٹس کونسل کی جانب سے جامعہ کراچی کی تمام سوسائٹیز اور ان کے اراکین کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.