جمعہ20؍جمادی الثانی 1444ھ13؍جنوری 2023ء

تیسرا ون ڈے، پاکستان نے 4 وکٹ پر 222 رنز بنالیے

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن ون ڈے میں 40 اوورز میں 4 وکٹ پر 222 رنز بنالیے ہیں۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی ابتدائی 2 وکٹ صرف 21 رنز پر گر جانے کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے 154 رنز کی شراکت قائم کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی بہادری سے نیوزی لینڈ کی بولنگ لائن کا مقابلہ کیا، محمد رضوان 175 کے مجموعی اسکور پر 74 گیندوں پر 77 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اس دوران 6 چوکے لگائے۔

فخر زمان نے اس کے بعد اپنی سنچری مکمل کی، وہ 191 کے مجموعے پر 101 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس وقت حارث سہیل 20 اور آغا سلمان 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور شان مسعود نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم یہ پارٹنرشپ صرف 2 رن اور 2 اوورز تک ہی قائم رہ سکی۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے شان مسعود کو صفر پر آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 6.3 اوورز میں 21 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم کو 4 رنز پر مائیکل پریسویل نے اسٹمپ آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، شان مسعود اور محمد حسنین کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

بابر اعظم نے بتایا کہ امام الحق انجرڈ ہیں اور نسیم شاہ بیمار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بولرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا ہے۔

پاکستان ٹیم میں فخر زمان، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، حارث سہیل، آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم، محمد حسنین اور حارث رؤف شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلا ون ڈے 6 وکٹ سے جبکہ نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ 79رنز سے جیتا تھا۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ڈرا ہوئی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.