جمعرات 9؍شعبان المعظم 1444ھ2مارچ 2023ء

ترکیہ: یوریشیا سمٹ میں پہلی بار پاکستانی پویلین کا افتتاح ہوگیا

پاکستان کی جانب سے پہلی بار ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان (ایپ سپ)کے زیر اہتمام استنبول میں یوریشیا سمٹ میں پاکستانی پویلین متعارف کرادی گئی۔ 

استنبول کی یوریشین ہائیر ایجوکیشن سمٹ میں پہلی بار پاکستان کی 6 لیڈنگ یونیورسٹیز نے اپنے بوتھ بھی لگائے۔

یوریشیا سمٹ کے 3 روزہ پروگرام کے دوران پاکستانی یونیورسٹیز کے 34 نمائندے شرکاء کو پاکستانی جامعات کے مختلف اکیڈمیک پروگرامز ، تعلیم کے میدان میں دستیاب مواقع ، طلبہ اور فیکلٹی کے تبادلوں سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے۔

ڈپٹی پریزیڈنٹ ہائیر ایجوکیشن کونسل ہالڈن گوکٹاس، صدر یوریشیا پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ آئیدین، چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمان اور کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے پاکستانی وفد کے ساتھ یوریشیا سمٹ میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کیا۔

چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمان نے اپنے خطاب میں یوریشیا سمٹ جیسے اہم ایونٹ میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے کے لئے ایپ سپ کی کاوشوں کو خوب سراہا۔ انہوں نے پاکستانی وفد کے 34 ارکان کا بھرپور معاونت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

یوریشیا سمٹ کی پاکستانی پویلین میں جن 6 پاکستانی یونیورسٹیز نے بوتھ لگائے ان میں سپیریئر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف فیصل آباد، یونیورسٹی آف سیالکوٹ، یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس منیجمنٹ شامل ہیں۔

یوریشین ہائیر ایجوکیشن سمٹ عالمی سطح پر ہائیر ایجوکیشن کا بڑا سالانہ ایونٹ ہے جو کہ دنیا بھر سے آنے والے اسٹیک ہولڈرز اور شرکاء کو ہائیر ایجوکیشن انسٹیٹیوشن کے لئے نیٹ ورکینگ اور اکیڈیمک پارٹنرشپ کے عظیم مواقع فراہم کرتا ہے۔

اس سال بھی اس ایونٹ سے 2ہزار سے زائد وفود کو ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ 

 پاکستانی وفد نے اپنے ترکیہ کے دورے کے دوران ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، وفد نے ترکیہ کی لیڈینگ یونیورسٹیز کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر مختلف معاہدے بھی ہوئے۔

پاکستان وفد میں ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان ،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا میاں عمران مسعود، صدر پریسٹن یونیورسٹی ڈاکٹر عبدل باسط صدر اقرا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، چیئرمین گفٹ یونیورسٹی محمد انور ڈار، ریکٹر یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر آصف رضا، چانسلر انڈس یونیورسٹی خالد امین، وائس چانسلر شہید بینظر بھٹو دیوان یونیورسٹی ڈاکٹر اورنگزیب خان، ریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ساؤتھ پنجاب عاصم نذیر، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف فیصل آباد حیدر امین،چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف سیالکوٹ فیصل منظور، صدر انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس، آرٹ اینڈ ٹیکنالوجی محمد ریحان یونس، ریکٹر گفٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایپ سپ مرتضیٰ نور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سپیریئر یونیورسٹی عائشہ زاہد، ہیڈ آف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس منیجمنٹ نبہن شاہ کریم ،یونیورسٹی آف لاہور، اقرا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے نمائندے شامل تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.