جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

تحریک انصاف کو لندن معاہدے کے تحت الیکشن سے باہر رکھا جا رہا ہے: عمیر نیازی

ترجمان بانی پی ٹی آئی عمیر نیازی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو لندن معاہدے کے تحت الیکشن سے باہر رکھا جا رہا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمیر نیازی نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن کو بتایا کہ عجلت کا معاملہ نہیں ہے، انہوں نے چارج شیٹ پڑھنا شروع کر دی، لیکن چارج میں ایسی کوئی چیز نہیں جس پر توہین ثابت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دو صوبوں میں خود حکومتیں گرائیں تاکہ بروقت الیکشن ہو، الیکشن کمیشن انتخابات کرانے میں ناکام رہی۔

دوسری جانب ایڈووکیٹ علی بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بتایا کہ لیڈنگ کونسل شعیب شاہین سپریم کورٹ میں مصروف ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے سماعت ملتوی نہیں کی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں الیکشن کمیشن نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فردِ جرم عائد کر دی۔

علی بخاری کا کہنا ہے کہ دوسری درخواست الیکشن کمیشن کی جیل ٹرائل کے خلاف تھی جس کو ڈس مس کر دیا گیا، ہم چارج شیٹ کو چیلنج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو چارج فریم ہوا اس کو بھی ہائی کورٹ چیلنج کریں گے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں الیکشن کمیشن نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

کیس کی سماعت الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے اڈیالہ جیل میں کی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے فردِ جرم کمرہ عدالت میں پڑھ کر سنائی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.